لندن(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)سابق وزیر اعظم نواز شریف کا یونیورسٹی کالج ہسپتال ویسٹ مورلینڈ میں طبی معائنہ کیاگیا،ان کے ساتھ شہباز شریف اور حسین نواز بھی تھے ۔میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ڈاکٹر لارنس نے نواز شریف کے دل کا چیک اپ کیا ہے ،ان کی صحت کے دیگرمعاملات پرگائزہسپتال میں انویسٹی گیشنزہو رہی ہیں،آئندہ ہفتے نواز شریف کا پی ای ٹی سکین تجویز کیا گیا ہے ،ڈاکٹر نے نواز شریف کے دل کے مزید ٹیسٹ بھی تجویز کئے ، قوم سے نواز شریف کیلئے دعا کی درخواست کرتا ہوں۔نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا دیار غیر میں ہوں عمران خان نیازی کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا،، پچھلے چند دنوں میں وزیراعظم نے بہت زیادہ گری ہوئی باتیں کی ہیں،نواز شریف کی بیماری کے بارے میں جس طرح کی باتیں عمران کررہے ہیں وہ انہیں زیب نہیں دیتیں۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ڈاکٹر لارنس نے نواز شریف کو دل سے متعلق ٹیسٹ اور علاج کاروڈمیپ دیا ہے ،ڈاکٹر لارنس گائزہسپتال کے ہیماٹالوجسٹ کی معاونت سے نوازشریف کا علاج کرینگے ، ڈاکٹر لارنس نے مئی2016میں نوازشریف کے دل کابائی پاس آپریشن کیاتھا،دل کے آپریشن کے بعدسے ڈاکٹرلارنس نوازشریف کی طبی دیکھ بھال جاری رکھے ہوئے ہیں۔